• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمینBRA کی زیر صدارت اجلاس، مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین عبداللہ خان کی زیر صدارت سنٹرل پروڈکٹ کلاسیفیکیشن کوڈز کے نفاذ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سی پی سی کوڈز کے نفاذ کی پیش رفت، محصولات کی وصولی پر اس کے اثرات، خدمات کی بہتر درجہ بندی، ٹیکس تعمیل میں بہتری اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق سی پی سی کوڈز کا نفاذ ٹیکس نظام میں شفافیت، یکسانیت اور مؤثر ریونیو مینجمنٹ کو فروغ دے گا۔چیئرمین نے ہدایت کی کہ خدمات کی درست درجہ بندی، ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری اور محصولات میں اضافے کیلئے سی پی سی نظام کے مؤثر اور مرحلہ وار نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے کاروباری برادری کیلئے ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے۔اجلاس میں مستقبل کی حکمت عملی، استعداد کار میں اضافے، بین الادارہ جاتی تعاون اور ٹیکس انتظامیہ کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی جدید، شفاف اور کاروبار دوست ٹیکس نظام کے فروغ کیلئے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ صوبے کی پائیدار ترقی اور محصولات میں مزید اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔
کوئٹہ سے مزید