راولپنڈی (فاروق اقدس … ایجنسیاں) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی، علاقائی صورتحال، کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز میں شہدائے وطن کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کورکمانڈر کانفرنس فورم کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انتشار کی ہر کوشش کو کچلا جائیگا، جائز آبی حق کے حصول کیلئے ہر ضروری اقدام کریں گے، خطے میں امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط علاقوں پر بھارتی پراکیسز کی روک تھام سے مشروط ہے، ہر سازش ناکام بنائینگے، پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،اور خطے کے امن کا انحصار کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت فراہم کرنے پر ہے، تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد رہیں گی۔آئی ایس پی آرکے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے واضح کیا کہ یہ ذمہ داری افغان طالبان رجیم کی خودساختہ لیڈر شپ کی ہے کہ ان کے زیرِ تسلط زمین پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہوں۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی اور دہشت گردی کے ہر خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔کانفرنس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا نظام مہیا کیا جائے۔