• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد میمن گوٹھ کے دو تعلیمی منصوبوں میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سیکریٹری کالجز ندیم الرحمان میمن نے کراچی کے علاقے مراد میمن گوٹھ میں جاری دو بڑے تعلیمی ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور غیر معمولی تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران اور متعلقہ ٹھیکیدار کمپنیوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سیکریٹری کالجز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ سابق ایگزیکٹو انجینئر نے قواعد و ضوابط کے برعکس ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں کیں، جبکہ منصوبوں پر ہونے والے اخراجات اور عملی پیش رفت میں نمایاں فرق پایا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذمہ دار افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں، منصوبوں کے تمام مالی اور تکنیکی ریکارڈ کی جامع جانچ کی جائے اور متعلقہ دونوں ٹھیکیدار کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کے علاوہ ان کی سیکیورٹی رقم بھی ضبط کی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گورنمنٹ گرلز کالج مراد میمن گوٹھ کے منصوبے کی مجموعی لاگت 9 کروڑ 55 لاکھ 83 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی، جس میں سے 8 کروڑ 84 لاکھ 21 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، تاہم منصوبے کا صرف 60 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔ اسی طرح شہید غلام مرتضیٰ حسین بلوچ لائبریری آڈیٹوریم منصوبے کی مجموعی لاگت 11 کروڑ 11 لاکھ 66 ہزار روپے تھی، جس میں سے 6 کروڑ 98 لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید