راولپنڈی (فاروق اقدس) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کو امن سے کھیلنے نہیں دینگے،پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہونگی وری قوت سے کچل دینگے ، فوج قوم کی حمایت کے ساتھ، ان پراکسی عناصر کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی،جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں ، پاکستان کی مسلح افواج ملک کو درپیش بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ائی ایس پی ار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی( این ڈی یو) اسلام اباد میں نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ دشمن انٹیلیجنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر کو ملکی امن اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو قوم کے تعاون سے جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا آئی ایس پی ار کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ سٹریٹیجک چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے سٹریٹیجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ وارانہ مہارت ناگزیر ہے۔