کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک امیدوار ساجد علوی نے آغا خان یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس داخلہ ٹیسٹ کے طریقہ کار اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے بعض اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آغا خان یونیورسٹی اپنے ایم بی بی ایس داخلہ ٹیسٹ کے اصل سوالیہ پرچے اور جوابی کلید (Answer Key) جاری نہیں کرتی، جس کے باعث داخلہ امتحان کے طریقہ کار کی شفافیت پر سوالات جنم لیتے ہیں۔ ساجد علی نے کہا کہ یونیورسٹی نے سائنس ریزننگ اور ریاضیاتی استدلال (Math Reasoning) کے حصوں کا واضح نصاب بھی جاری نہیں کیا، جس سے امیدواروں کو امتحان کی تیاری میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اگر ادارہ خود کو غیر جانبدار اور شفاف قرار دیتا ہے تو اسے اپنے امتحانی نظام اور طریقہ کار سے متعلق مکمل معلومات عوام کے سامنے رکھنی چاہئیں۔ امیدوار نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحان مقررہ وقت سے قبل لینے کا فیصلہ آغا خان یونیورسٹی کے طلبہ اور نئے امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ درخواست گزار نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ داخلہ امتحان میں مبینہ پیپر لیک کے معاملے پر آواز اٹھانے کے بعد ان کے خلاف غیر قانونی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔