کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز کنوینر سینیٹر وقار مہدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مزارِ قائد اور اس کے اطراف کے علاقوں کو درپیش انتظامی، ترقیاتی اور سیکورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر سید مسرور احسن جبکہ سینیٹر سرمد علی نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ریزیڈنٹ انجینئر قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، میونسپل کمشنر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ مزارِ قائد کے اطراف کے مسائل سینیٹ کی مرکزی قائمہ کمیٹی میں اٹھائے گئے تھے، جس کے بعد ان کے حل کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اس معاملے کو ایک خصوصی منصوبے کے طور پر لیا ہے تاکہ مزارِ قائد کی تاریخی اہمیت، وقار اور خوبصورتی کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔