ملتان (سٹاف رپورٹر)ڈینگی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کا انسدادِ ڈینگی مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد اقبال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور انسدادِ ڈینگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو گھر گھر سرویلنس مزید موثر بنانے، ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے اور لاروا کی بروقت تلفی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو فیلڈ سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔