راولپنڈی (نامہ نگار خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں چار دن میں 3مختلف کارروائیوں کے دوران عام شہریوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 42 افراد شہید جبکہ 54دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کرینگے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، دشمنوں کو ہماری کی ترقی سے مسئلہ ہے، دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے، وہ افغان طالبان رجیم کے ساتھ ملکر پاکستان میں دہشت گر دکارروائیاں کررہا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نیچا نہیں دکھا سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال پر میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔علاوہ ازیں پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے اتوار کو انڈین آرمی چیف کے حالیہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین آرمی چیف کا بیان غرورجنگی جنون اور محدود سوچ پر مبنی ہے نئی دہلی جنوبی ایشیا کو ایک اور تنازعے کی طرف دھکیلنے سے گریز کرے کیونکہ اس کے نتائج خطے کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں گزشتہ چند روز کے دوران فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے 4 اور 5جولائی کی رات ہنہ اوڑک میں مقامی آبادی پر حملہ کیا انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی بہادر عوام نے ان دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو وہاں سے فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔