کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شارجہ سے کراچی آنے والے لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں مل گیا ہے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، سول ایوی ایشن، ایدھی فاؤنڈیشن اور دیگر متعلقہ ادارے لاپتا طیارے اور عملے کی تلاش میں مصروف ہیں، کارگو طیارے کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تیزی ، تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی، فلائٹ ریکارڈ، تکنیکی دستاویزات اور دیگر شواہد کا جائزہ لے گی، ایئر لائن کا دفتر سیل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر شارجہ سے کراچی آنے والے نجی فضائی کمپنی کے کارگو طیارے کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تیزی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، ایدھی فاؤنڈیشن اور دیگر ادارے مشترکہ سرچ آپریشن میں مصروف، تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی،دفتر سیل، سرچ آپریشن میں پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار اورپی این ایس حنین کے ساتھ پاک بحریہ کا میری ٹائم سرویلنس طیارہ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کاڈیفینڈر طیارہ، فاسٹ رسپانس بوٹس، مرچنٹ ویسلز اور دیگر بحری وسائل سرچ میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، سول ایوی ایشن، ایدھی فاؤنڈیشن اور دیگر متعلقہ ادارے بھی لاپتا طیارے اور عملے کی تلاش میں مصروف ہیں۔