اسلام آباد( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 100میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ پاور ڈویژن منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کرے، سولر منصوبے کیلئے خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے،تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق کے بعد کی جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت گلگت بلتستان کے لئے 100 میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس کے دوران کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ ماحول دوست صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ کے لیے شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی کا اہم جزو ہے۔ اجلاس کو گلگت بلتستان شمسی توانائی منصوبے پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔