اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ "سیو بلوچستان آل پارٹیز کانفرنس" نے قرار دیا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ خالصتاً سیاسی، آئینی اور انسانی حقوق کا معاملہ ہے، جس کے حل کیلئے طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور ناراض بلوچ نوجوانوں کو امید دینے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس نے مسئلے کے جامع حل کیلئے ٹروتھ اینڈ ریکنسلیشن کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی زیر صدارت ہونے والی کانفرنس کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں بلوچستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، دہشتگردی، بھتہ خوری، قدرتی وسائل پر قبضے، غیر نمائندہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں، سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں، سرحدوں کی بندش، معدنی وسائل سے مالا مال اضلاع میں مبینہ قتل و غارت، کرپشن، اقربا پروری اور انتظامی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔