• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیمارکیٹ، 6 سالہ بچے کی بوری بند لاش تین منزلہ عمارت سے پھینک دی گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لی مارکیٹ گھر کے باہر سے دو روز قبل اغوا ہونے والے 6 سالہ معصوم بچہ کی مسخ شدہ بوری بند لاش برآمد کرلی گئی جسے 3 منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی تھی،اہل علاقہ نے حمزہ نامی مبینہ ملزم کو اسی تین منزلہ عمارت سے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیپئر تھانہ کی حدود لی مارکیٹ پنجابی گلی سے پیر کو گھر سے چیز لینے کیلئے نکلنے والا6 سالہ محمد ولی پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیاتھا، واقعے کا مقدمہ مغوی محمد ولی کے والد عابد حسین کی مدعیت میں اغوا کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق میں رکشہ ڈرائیور ہوں جب دن بھر کی محنت مزدوری کرکے گھر پہنچا تو میری بیٹی ماہ نور نے بتایا کہ ولی دن ڈھائی بجے سے لاپتہ ہے دیر رات تک واپس نہیں آیا۔ بچے کو تلاش کیا ناکامی کی صورت میں مقدمہ درج کرایا گیا۔ مقدمہ اندراج کے بعد پولیس اہل خانہ اور اہل محلہ نے بچے کی تلاش 2 روز تک جاری رکھی تاہم بچہ نہ مل سکا ۔ دو روز بعد اسی محلے کےمکین لاپتہ بچے کے گھر کے اطراف موجود تھے کہ کسی بھاری چیز کے زمین پر گرنے کی آواز آئی، اہل محلہ جب اس خالی پلاٹ پر پہنچے تو ایک بوری زمین پر پڑی ہوئی ملی۔ اہل علاقہ کے مطابق بوری تین منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی تھی جسے کھولنے پر اندر سے معصوم ولی کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی جس پر پولیس نے لاش تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کردی۔ جبکہ اہل علاقہ نے حمزہ نامی ملزم کو اس تین منزلہ عمارت سے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا ۔
اہم خبریں سے مزید