ملتان(سٹاف رپورٹر ) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری،عوامی فلاح و بہبود اور ملک میں استحکام کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ جسکے ثمرات بھی سامنے آرہے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کی امن کی کاوشوں کی پوری دنیا ستائش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں سابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ملتان ڈویژن ڈاکٹر سیدین نقوی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے سابق ڈین فیکلٹی آف بیسک سائنسز و سابق سربراہ شعبہ پتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر عباس نقوی اور شہباز نقوی سے ملاقات کے دوران کیا، انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود ملک کو درست سمت میں گامزن کیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر سیدین نقوی نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں صحت، تعلیم و دیگر شعبوں میں نئے ترقیاتی و عوامی منصوبے شروع کرنے بارے تجاویز دیں۔