پشاور (لیڈی رپورٹر )تمام مکاتب فکر کے علماء نے اسلام قومی یکجہتی کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کر لیا تمام مکاتب فکر کے مذہبی علماء اور مشائخ نے ملک کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے تحفظ کے لیے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے پیغامِ پاکستان ضابطۂ اخلاق کے تحت مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل (پی یو سی) کے زیر اہتمام منعقدہ پیغامِ پاکستان علماء و مشائخ سیمینارکے شرکاء نے پشاور پریس کلب میں گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا طیب قریشی، مولانا مفتی ظفر احمد، مولانا شیخ عنایت اللہ، مولانا ڈاکٹر شمس الرحمٰن شمس، وفاق کے سینئر نائب صدر مولانا معراج الدین، مولانا محمد شعیب، مولانا قاری روح اللہ اور دیگر ممتاز علماء نے بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ، پرتشدد انتہاپسندی کے خاتمے اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مؤثر کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام سمیت مختلف ممالک اور بین الاقوامی شراکت دار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، اس لیے اندرونی تقسیم پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے قومی اتحاد کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر قومی اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔