اسلا م آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے صحت مصطفی کمال نے انکشاف کیا ہے کہ بڑے شہروں میں نائٹ پارٹیز اور کلب کلچر بھی ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کی ایک اہم وجہ بن رہے ہیں، ان پارٹیزمیں آئس سمیت دیگرنشہ آورچیزوں کا استعمال اورجنسی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ اب صرف آلودہ سرنجیں ہی مسئلہ نہیں رہیں بلکہ ایچ آئی وی پھیلنے کی دیگر وجوہات بھی سامنے آ رہی ہیں،نائٹ پارٹیز میں آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا استعمال کی جاتی ہیں اورغیر محفوظ جنسی سرگرمیاں بھی ہوتی ہیں،وزارتِ صحت خود جا کر پارٹیز نہیں روک سکتی، اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیرِصحت نے بتایاکہ اسلام آبادسے روزانہ ایچ آئی وی کے 35سے 40 نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں،جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے،متاثرہ افراد میں بڑی تعداد نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی ہے۔