کینیڈا (شکیل یامین کانگا) فیفا ورلڈکپ سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام کی جانب گامزن ہے، دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور یورپی ہیوی ویٹ اسپین عالمی چیمپئن کا تاج سر پر سجانے کیلئے اتوار کو آمنے سامنے ہوں گی۔ لیکن اس سے قبل فرانسیسی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، دوسری جانب انگلینڈ بھی سیمی فائنل میں برتری کے بعد شکست کا زخم تیسری پوزیشن حاصل کرکے بھرنے کی خواہش مند ہے۔ دونوں ٹیمیں مایوسی کے بعد وقار کیلئے ہفتے کو میامی اسٹیڈیم میں مقابلہ کریں گی۔ روایتی حریفوں کا آخری ورلڈ کپ مقابلہ 2022 میں قطر کے کوارٹر فائنل میں ہوا تھا جس میں فرانس نے 2-1 سے کامیابی پائی تھی ۔ انگلینڈ کے پاس یہ حساب برابر کرنے کا موقع ہے۔ امکان ہے کہ دونوں ٹیمیں کھلاڑیوں کو موقع میں دیں گی جنہیں ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا کم وقت ملا ہے۔ فرانس اور انگلینڈ کے فینز کی مایوسی کے باعث ری سیل مارکیٹ میں میچ ٹکٹوں کی قیمتیں تیزی سے نیچے گری ہیں، میچ کے کچھ ٹکٹ 1000 ڈالر سے بھی کم کی قیمت پر دستیاب ہیں۔ دوسری جانب فائنل کیلئے ارجنٹائن اور اسپین کی ٹیمیں بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں، جہاں حکمت عملی، اعصاب کی جنگ اور کھلاڑیوں کی فٹنس سب سے اہم چیلنجز ہیں۔ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کی زیر نگرانی ہسپانوی ٹیم ناقابل شکست دکھائی دے رہی ہے۔ ٹیم روایتی ٹکی ٹاکا کے بجائے تیز رفتاری، ونگز سے حملوں اور براہ راست فٹبال کھیلنے پر توجہ دے رہی ہے۔ لامین یامال اور نیکو ولیمز جیسے نوجوان کھلاڑیوں کی رفتار اور اویرزابال کی پوزیشننگ اسپین کا سب سے بڑا ہتھیار ہیں۔ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن لیونل اسکالونی کی کوچنگ میں مسلسل دوسرا ورلڈ کپ جیتنے کے تاریخی مشن پر ہے۔ میسی کا جادو اور لاؤتارو کی فارم ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی بنے ہوئے ہیں۔ میسی کی فٹنس اور کھیل کو تخلیق کرنے کی صلاحیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔