کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی ٹیم جس کی سربراہی سب انسپیکٹر بدر بشیر کر رہے تھے اس نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر پانچ آئل ٹینکر ضبط کر لیا۔ شیخوپورہ کے فیضان پٹرول پمپ کے مالک نے پی ایس او سے پانچ آئل ٹینکرز جن میں مجموعی طور پر 2لاکھ 40ہزار لیٹرز پٹرول موجود تھا دو یوم سے اپنے پیٹرول پمپ کے ٹینک میں ڈلوانے کے بجائے گودام میں کھڑے کر رکھے تھے تاکہ جمعہ کو جب پٹرول کی قیمتیں بڑھتی تو اس کو منافع ہوتا۔ جمعہ کو پٹرول کی قیمتوں میں 12 روپے اضافہ ہوا ہے اس طرح اس کو 28 لاکھ 80 ہزار روپے کا منافع ہوتا۔ ایف آئی اے نے مذکورہ ٹینکرز ضبط کر کے پاکستان اسٹیٹ آئل کے حوالے کر دیے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔