کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبے زیادہ موثر انداز سے چلانے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ نے پی پی پی یونٹ کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجوزہ ادارہ جاتی تبدیلی کو اس مقصد کے ساتھ آگے بڑھایا جائے کہ عملی رکاوٹیں دور ہوں۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں ترقی کے اگلے مرحلے کے لئے زیادہ خودمختار، تجارتی طور پر فعال اور سرمایہ کاری پر مبنی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) نظام تشکیل دینے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) یونٹ کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔۔ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ موجودہ پی پی پی یونٹ کو محدود مسابقتی معاوضوں اور مراعات کے باعث ماہر عملے کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔