کراچی (عبدالماجدبھٹی) ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی90 رنز کی شکست سے بیرون ملک مسلسل خراب کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں ۔ خاص طور پر چوتھی اننگز میں بیٹنگ ڈرائونا خواب بن چکی ہے یہ ملک سے باہر پاکستان کی مسلسل آٹھویں ہار تھی ۔2023-24 میں آسٹریلیا کے ہاتھوں تینوں ،2024-25 میں جنوبی افریقا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔2026 میں بنگلہ دیش میں دو ٹیسٹ ہارنے کے بعد ٹروبا میں ویسٹ انڈیز نے بھی شکست سے دوچار کردیا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں 9 ٹیموں میں پاکستان کا آخری نمبر ہے۔ پاکستان نے پانچ میں سے ایک ٹیسٹ جیتا اور چار میں اسے شکست ہوئی۔ ویسٹ انڈیز گیارہ میں سے سات ٹیسٹ ہار کر آٹھویں نمبر پر ہے۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ سرفراز احمد نے تسلیم کیا ہے کہ دوسری اننگز میں بیٹنگ مسائل ٹیم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔