کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 زخمی سمیت 5ملزمان گرفتار ، پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق پولیس نے کورنگی نمبر 6 میں موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں ایک ملزم حمزہ خورشید کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 30 بور پستول برآمد کرلیا گیا،پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے 25 جولائی 2026 کو بنگالی پاڑہ میں رقم کی تقسیم کے تنازع پر اپنے ساتھیوں ندیم اور سعید جوہر کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، تھانہ سرسید کی حدود ایدھی ہوم سیکٹر 11-C/1 میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم محمد علی مبارک کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 9 ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیا ، ساتھی فرار ہوگیا، تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود اورنگی سیکٹر ساڑھے 11 میں رات گئے پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم دانش خان اعظم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دو موبائل فون برآمد کرلیے گئے ، ساتھی فرار ہوگئے، کورنگی ابراہیم حیدری سے بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ، گلستانِ جوہرپولیس نے مبینہ طور پر گلستان جوہر بلاک 2میں ہاؤس رابری کے ماسٹرمائنڈ محمدعرفان اقبال کو گرفتارکرلیا، ملزمان اہلِ خانہ کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے تھے،دورانِ تفتیش ملزم نے فیصل آباد سے ساتھیوں کو بُلا کر واردات کرانے کا انکشاف کیا، دریں اثنا شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس اور مسلح ملزمان کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار سلیم خا ن زخمی ہو گیا جسے فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا ، ملزمان ملیر ندی کی جانب فرار ہو گئے۔