لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ میں پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر، ٹیپو عثمان، نے معروف برطانوی،پاکستانی کاروباری شخصیت طارق شیخ کو برطانوی معیشت میں ان کی خدمات پر سراہا ہے۔ انہوں نے طارق حلال میٹس کی کامیابی کو اس بات کی مثال قرار دیا کہ برطانیہ بھر میں پاکستانیوں نے مثبت اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہائی کمشنر، جنہوں نے تقریباً دو ہفتے قبل لندن میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا، نے یہ ریمارکس پاکستان ہائی کمیشن میں طارق حلال میٹس کے بانی اور چیئرمین طارق شیخ سے ملاقات کے دوران دیے۔ عثمان نے طارق شیخ کو حال ہی میں لندن کی آزادی کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ یہ اعزاز برطانیہ کی حلال گوشت کی صنعت، کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کمیونٹی کی خدمت میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ شیخ کا سفر ایک اہم برطانوی- پاکستانی کامیابی کی داستان ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی تارکینِ وطن نے برطانیہ کی معاشی اور سماجی ترقی میں کس طرح نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض برطانوی پاکستانیوں سے متعلق منفی واقعات کو اکثر خاصی توجہ حاصل ہوتی ہے، تاہم برطانیہ بھر میں کامیاب پاکستانیوں کی جانب سے دی جانے والی بے پناہ خدمات اور ان کے نمایاں کردار کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔