کراچی( سید محمد عسکری)اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون( کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک محمد اقبال چوہدری کے کامسٹیک میں تعیناتی کے دوران 2020 سے لے کر اب تک 135غیر ملکی دوروں کا انکشاف ہوا ہے۔اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ خبروں پر قانونی نوٹس دے چکے ہیں جس کا جواب نہیں ملا چناچہ ان سوالات کا جواب دینا بے معنی ہے۔ انتہائ قابل اعتماد ذرائع نے جنگ کو بتایا ہے کہ ان دوروں کی اجازت کامسٹیک کے چیرمین/ صدر مملکت سے کبھی نہیں لی گئی اور یہ دورے ان کی این او سی کے بغیر کیئے گئے جس کے لیے سرکاری کے بجائے نجی پاسپورٹ استعمال کیا گیا۔ ریکارڈ کے مطابق ڈاکٹر اقبال چوہدری نے فروری 2012 سے لے اب تک 360 بیرون ملک سفر کیئے ہیں۔ یاد رہے کہ صدر پاکستان کی ہدایت پر کامسٹیک میں مبینہ انتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹر عاصم حسین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل اقبال چوہدری سے ریکارڈ مانگ رکھا تاہم انھوں نے تاحال ریکارڈ نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے تحقیقات سست روی کا شکار ہیں۔