پیرس (رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) اوورسیز پاکستانیوں کی درخواست اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کر دیا، جہاں بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے بجلی کے میٹرز، زائد بلز، بھاری ٹیرف اور دیگر متعلقہ شکایات براہِ راست حکام کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر چوہدری خالد محمود اور ایڈیشنل چیف انجینئر وحید احمد عباسی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی وطن عزیز میں رہائشی جائیدادیں اور مکانات موجود ہیں، جہاں اہل خانہ کی عدم موجودگی یا کم بجلی کے استعمال کے باوجود بعض اوقات بھاری بل موصول ہوتے ہیں، جس سے انہیں دیارِ غیر میں رہتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔