ملتان(سٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن نے لودھراں میں ٹریپ ریڈ کے دوران محکمہ انہار کے ایس ڈی او کے ریڈر کو 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ پٹوارخانے میں سرکاری ملازم ظاہر کرکے امور سرانجام دینے والے پٹواری کے پرائیویٹ منشی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی کرپشن ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات پر بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن لودھراں علی حسن اور ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران سائل فیروز خان ولد محمد رمضان کی والدہ کی ملکیتی زمین کی وارہ بندی اور نہری پانی بنوانے کے عوض محکمہ انہار لودھراں کے ایس ڈی او کے ریڈر منظور احمد کو 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزم کے قبضے سے نشان زدہ کرنسی بھی برآمد کرلی گئی۔ دوسری کارروائی میں موضع رصالدار لودھراں کے پٹواری اصغر علی کے پرائیویٹ منشی سراج کو پٹوارخانے میں سرکاری ملازم ظاہر کرکے سرکاری امور انجام دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزم کے قبضے سے سرکاری ریکارڈ بھی برآمد ہوا۔ اینٹی کرپشن نے تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے۔