لندن (مرتضیٰ علی شاہ) بلاول بھٹو کی یورپی شاہی خاندان میں منگنی اور شادی کی اطلاعات، ویانا میں اہم ملاقاتیں؛ صدر زرداری اور بلاول بھٹو ممکنہ دلہن کے خاندان کے افراد سے تین مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں، ذرائع۔ تاہم ، کراچی کے میئر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق رپورٹس کی تردید کرتے ہوے کہا ہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں غلط ہیں ،تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ایک قابلِ اعتماد ذریعے نے خصوصی طور پر جیو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجود ہیں، جہاں بلاول بھٹو کی ممکنہ منگنی اور بعد ازاں آسٹریا کے سابق شاہی خاندان سے روابط رکھنے والے ایک ممتاز یورپی خاندان میں شادی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ذرائع، جو ان پیش رفت سے براہِ راست باخبر ہیں اور نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کر رہے تھے، نے جیو نیوز کو بتایا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو گزشتہ تین روز قبل آسٹریا پہنچنے کے بعد ممکنہ دلہن کے خاندان کے افراد سے تین مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو آسٹریا سے برطانیہ روانہ ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وہ لندن اور ملک کے دیگر مقامات پر تقریباً 10 دن قیام کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ دلہن کے خاندان کے افراد بھی برطانیہ میں قیام کے دوران بھٹو زرداری خاندان کے ساتھ شامل ہونے کی توقع ہے۔ ممکنہ شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی رپورٹس میں بلاول بھٹو کی متوقع دلہن کو آسٹریا کے سابق شاہی خاندان، ہاؤس آف ہیبسبرگ-لورین، سے منسلک کیا گیا ہے۔ بعض رپورٹس میں انہیں آسٹریا کے آخری حکمران شہنشاہ کارل اول کی اولاد بھی قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا، ’’شادی ممکنہ طور پر رواں سال کے آخر میں ویانا میں ہو سکتی ہے۔ بلاول اور ممکنہ دلہن ایک دوسرے کو کئی سال سے جانتے ہیں اور ان کے کئی دوست مشترک ہیں۔‘‘ ایوانِ صدر نے 27اگست کو تصدیق کی تھی کہ صدر زرداری نجی دورے پر بیرونِ ملک گئے ہیں۔