دبئی(عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لندن میں پاکستانی کرکٹرز کے فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، ساتھ ہی لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، ٹھوس شواہد ملنے پر انہیں بھاری جرمانوں اور پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ دوونوں کی سرگرمیوں کے علاوہ یہ بھی چیک کیا جارہا ہے کہ دونوں کھلاڑی کن کن لوگوں کے ساتھ روابط میں رہے ۔ یہ بات بھی خارج از امکان نہیں مستقبل میں انہیں پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے۔ حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد ہوٹل پہنچنے پر ٹیم کے سیکیورٹی آفیسر نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون اپنے قبضے میں لئے اور کئی گھنٹے بعد ڈیٹا کسی اور جگہ ٹرانسفر کرنے کے بعد انہیں فون واپس دیئے گئے۔ اس بارے میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔