اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) پاکستان کو درپیش پیچیدہ قومی و بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مضبوط اداروں، بہتر طرزِ حکمرانی، شواہد کی بنیاد پر پالیسی سازی اور مؤثر عمل درآمد کی ضرورت ہے، مسائل کا حل محض نئے صوبے بنانے یا انتظامی حدود کی ازسرنو تقسیم میں نہیں،ملک کو ٹیکنالوجی، زراعت، بحری امور، علاقائی روابط اور بدلتے ہوئے تزویراتی ماحول میں پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ دیرینہ سماجی و معاشی مسائل کے حل پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے نیشنل ایڈوائزری کونسل کے سالانہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں ماہرینِ تعلیم، پالیسی سازوں، سفارت کاروں، ٹیکنوکریٹس اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے پاکستان کے مستقبل کیلئے دوراندیش، عملی، پائیدار اور قابلِ عمل حکمتِ عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔