اسلام آباد(صالح ظافر) پاکستان نے کہا ہے کہ نائن الیون نے دنیا میں تعاون اور انسدادِ دہشت گردی کے پورے نظام کو بدل دیا، دنیا نے اس سانحے سے سبق سیکھا تاہم بھارت اس کے برعکس طرز عمل اختیار کیے ہوئے ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور تقریباً 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا۔نائن الیون کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ’’دی نیوز‘‘ اور ’’جنگ‘‘ کے سوال پر دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جمعرات کو کہا کہ 9/11 نے تعاون کے پورے منظرنامے کو تبدیل کردیا، دنیا پہلے جس انداز میں تھی اور اس کے بعد جس طرح تبدیل ہوئی، اس واقعے نے دونوں ادوار کے درمیان ایک واضح لکیر کھینچ دی۔