• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی اور حکومتی وفود میں پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کا دوسرا دور

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان اور حکومت کے وفود کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا دوسرا دور جمعرات کوپنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس کے دوران حکومت نے مزید تین دن کا وقت مانگتے ہوئے جماعت اسلامی سے پیر تک لانگ مارچ کے حتمی اعلان کو مؤخر کرنے کی درخواست کی ، تاہم نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ اس سلسلہ میں فیصلہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ہی کرینگے جبکہ احسن اقبال نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بڑا سبب علاقائی کشیدگی ہے۔ حکومت خود چاہتی ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دیاجا ئے ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پٹرولیم لیوی کے خاتمے پر ہونے والے مذاکرات میں جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ نے کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ ، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا شامل اور نوید علی بیگ شامل تھے جبکہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناءاللہ ،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت پٹرولیم ڈویژن، پاور ڈویژن سمیت مختلف متعلقہ شعبوں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید