پشاور (نیوز ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کا ترمیم شدہ پولیس ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدرری نے کہا کہ ایکٹ ابھی کابینہ سے منظور ہوا ہے، بہتر ہے صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے، وفاق کے پاس ترمیم شدہ پولیس ایکٹ پر بہت آپشنز ہیں، یہ پولیس ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج ہوگا،دوسری جانب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ وفاق اگر پولیس کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کریگا تو صوبائی حکومت اقدامات تو کریگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدرری نے کہا کہ کے پی حکومت نے صرف آئی جی کے اختیارات واپس نہیں لیے بلکہ پوری کمانڈ تباہ کردی ہے، مجوزہ پولیس ایکٹ میں سیاسی عمل دخل واضح نظر آرہا ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اختیار اپنی جیب میں اور اپنی سیاسی جماعت کے تابع کرنے کی کوشش کی۔ خیبرپختونخوا 15، 20 سال سے دہشتگردی کی جنگ لڑرہا ہے مگر وہاں سی ٹی ڈی کرائے کی عمارتوں میں ہے، آپ کہتے ہیں صوبائی وزیر اٹھایا گیا ہے، اگر آپ اتنے بے بس ہیں تو کیوں کرسی سے چپٹے ہوئے ہیں؟ اسلام آباد میں راستوں کی بندش سے متعلق طلال چوہدرری نے کہا اسلام آباد آنے والے تمام 125 راستے کھلے ہیں۔