• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بومسن تیز ترین ایشین ایتھلیٹ، 100 میٹر کا گولڈ میڈل جیت لیا، پاکستان کرکٹ ٹیم آج ایکشن میں

ناگویا( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) تھائی لینڈ کے پوریپول بومسن اور چین کی چن یوجی ایشین گیمز کے تیز ترین مرد اور خاتون کھلاری بن گئے۔ 100 میٹرز دوڑ میں پوریپول بومسن نے کامیابی کے ساتھ نیا ایشین گیمز ریکارڈ بھی قائم کیا۔ مینز کرکٹ میں پاکستان ٹیم اپنی مہم ہانگ کانگ کے خلاف کوارٹر فائنل سے شروع کریگی۔ پیر کو ناگویا میں بارش کی پیش گوئی ہے اگر میچ نہ ہوسکے تو بہتر رینکنگ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت سیمی فائنل میں کوالی فائی کرلیں گے۔چین کی ژانگ یوفی ایشین گیمز کی تاریخ میں چین کی سب سے کامیاب ترین خاتون سوئمر بن گئیں۔ میڈلز کی دوڑ میں چین 116گولڈ،46سلور اور36برانز میڈلز جیت چکا ہے، جاپان 35،59،57 گولڈ، سلور اور برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ کوریا تیسری پوزیشن پر ہے۔ بھارت12ویں اور پاکستان34 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان مینز کرکٹ ٹیم نے اتوار کو ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ رات بھر بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ٹریننگ سیشن متاثر ہوا۔ کپتان صاحبزادہ فرحان پہلی بار پاکستان کی کپتانی کریں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے متوقع کنڈیشنز کے مطابق تیاری کی اور اسپن کے خلاف زیادہ سے زیادہ پریکٹس کی ہے۔ ہر میچ کو سنجیدگی سے لیں گے۔ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت ممکنہ طور پر فائنل میں آمنے سامنے آئیں گے۔ امکان ہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کا میچ بنگلہ دیش اور بھارت کا سری لنکا سے ہوگا۔دریں اثنا بھارتی بیڈ منٹن اسٹار پی وی سندھو کو چین کی عالمی نمبر چار چن یوفئی نے شکست دے کر اپ سیٹ کامیابی حاصل کی۔ سنگاپور کی شانتی پریرا نے 200 میٹر دوڑ کا اپنے اعزاز کامیابی سے دفاع کیا، وہ چار سالہ مقابلوں کے اس ایونٹ میں دو بار کامیابی حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ چین کے ژانگ ژنشو نے 200 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ مقابلے میں نیا ایشیائی ریکارڈ قائم کیا اور ایونٹ میں مجموعی طور پر 6 گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔جاپان کے17سالہ پیراک شن اوہاشی نے 200 میٹر بریسٹ اسٹروک میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

اسپورٹس سے مزید