ناگویا ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی مہر بانیوں سے ایشین گیمز میں مایوس کن اور رسمی شرکت سے زیادہ سیر وتفریح کرکے بیڈ منٹن، ٹرائی تھلون، سافٹ ٹینس، سوئمنگ، روئنگ ، ووشو، گھڑ سواری کی ٹیمیں وطن واپس چلی گئی۔ کبڈی ٹیم بھی پہلی مرتبہ ایشین گیمز میں کوئی میڈل نہ جیت پائی ۔ گھڑ سوار عثمان خان آسٹریلیا چلے گئے ہیں۔ اسکواش کی تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کے نور زمان نے اشعب عرفان کو 0-3 سے زیر کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کا کانسی کا تمغہ دیا گیا۔ انصار عباس نے 7.28 میٹر لانگ جمپ لگا کر فائنل میں جگہ بنائی، مینز والی بال پول اے کے ابتدائی راؤنڈ کے اپنے پہلے میچ میں قازقستان کو 3-1 سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے مراد وزیر خان 20 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے ۔ دریں اثنا ایشین گیمز میں اتوار کو شدید بارش کی وجہ سے مقابلے متاثر ہوئے۔ بعض ایونٹ ملتوی کرنا پڑے۔ ٹینس میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ مکسڈ ڈبلز ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے منگولیا کو شکست دی، جبکہ انفرادی مقابلوں میں اشنہ سہیل، مزمل مرتضی، ماہین آفتاب کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، مکسڈ ڈبلز میں پاکستانی کھلاڑی قازقستان سے مات ہوئی ۔ 25 میٹرز انفرادی پسٹل شوٹنگ میں رابیعہ کبیرکوالیفکشن مقابلے میں45کھلاڑیوں میں41 ویں پوزیشن پر رہیں۔ تلوار بازی میں قطر نے پاکستان کو ہرایا۔