تہران/واشنگٹن (اے ایف پی /نیوزڈیسک ) عراقی ایئرویز نے نجف سے ایرانی ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں بحال کردیں جبکہ ایران نے فضائی صنعت پر عائد پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ICAOاور عالمی عدالت انصاف میں با ضابطہ شکایت دائرکردی‘ ایرانی سرکاری میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایاہے کہ نیویارک میں ایرانی وفد کا امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تاہم وزیرخارجہ عباس عراقچی نیو یارک میں قطری ثالثوں سے ملاقات کریں گے جبکہ صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی حکام نے اتوار کو ثالثوں سے بات چیت کی ہے ‘ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ تہران کی دفاعی صلاحیتوں نے گزشتہ دہائیوں کے مقابلے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیا ہے‘ آج بعض لوگ ہمیں دنیا کی چوتھی سپر پاور قرار دیتے ہیں‘ دردناک ضربیں لگنے کے بعد امریکا کو مشرق وسطیٰ سے نکلنے پر مجبور ہونا پڑے گا‘ غلامی کا دوراب کبھی واپس نہیں آئےگا‘ایران 7 ماہ سے دشمن میں خوف پیدا کر رہا ہے ۔ خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردارکیاہے کہ مسلح افواج اور اس کے اتحادی گروہ کسی بھی خطرے کا فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں‘ادھرسعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل مذاکرات کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گےجبکہ ایران نے ضوابط کی خلاف ورزی پر دو چھوٹے بحری جہازوں کو قبضے میں لیکر 50افرادکو گرفتارکرلیاہے ‘صدرٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا عسکری اعتبار سے جنگ تقریباً جیت چکا ہے تاہم فوجی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں‘ایران میں افراطِ زر کی شرح تقریباً300فیصد تک پہنچ چکی ہے۔