اسلام آباد ( طاہر خلیل )صدرمملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات‘ ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا‘اجلاس میں خیبرپختو نخواکی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر زرداری اورشہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اورملکی امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفدآج پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔ اس وفد میں محسن نقوی‘رانا ثناءاللہ ‘امیرمقام اور پیپلز پارٹی کی طرف سے شیری رحمان‘ سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہوں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے لیڈروں کی پی ٹی آئی رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کےنتیجہ میں قومی قیادت خیبر پختونخواہ میں گورنر راج / ایمر جنسی کے نفاذ پر کوئی فیصلہ کرے گی ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایوان صدر کی مشاورتی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ خیبر پختونخواہ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ عجلت میں نہیں کیا جائے گا ۔