• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکنیت سازی آسان اور خدمات کو ڈیجیٹلائز کیا جائیگا؛ نومنتخب صدر ملتان چیمبر

ملتان (سٹاف رپورٹر ) ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نومنتخب صدر ڈاکٹر شفیق پتافی نے کہا ہے کہ نئی قیادت نامزد ہو کر نہیں بلکہ باقاعدہ الیکشن میں حصہ لے کر، محنت اور ممبران کا اعتماد حاصل کرکے سامنے آئی ہے، اس لیے یہ کامیابی اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر باقاعدہ صدر کا چارج سنبھالنے کے بعد شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر الیکشن کمیشن اسرار اعوان نے ممبران خواجہ محمد علی اور میاں عارف اقبال کے ہمراہ نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ارکان کی کامیابی کا حتمی اعلان کیااور منتخب صدر ڈاکٹر شفیق پتافی، سینئر نائب صدر اظہر ممتاز ٹیپو اور نائب صدر شیخ عبد الوہاب نے سبکدوش عہدیداران سے نشستیں تبدیل کرکے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ سیکرٹری جنرل محمد شفیق نے لیگل ایڈوائزر اور آڈیٹر کی تعیناتی،سابق سالانہ اجلاس عام کی کارروائی کی شرکاء اجلاس سے منظوری لی۔ نومنتخب صدر ڈاکٹر شفیق پتافی نے مز ید کہا کہ انتخابی منشور ہی نئی قیادت کا لائحہ عمل ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے پہلے 100 دن کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ممبرشپ کے عمل کو آسان بنانے کے ساتھ چیمبر کی ویب سائٹ، ایپ، ممبرشپ اور دیگر خدمات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ ویزا لیٹر، سرٹیفکیٹ آف اوریجن سمیت ضروری دستاویزات کا حصول آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ اور ملتان ایکسپو سینٹر طویل المدتی ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ ایس ایم ای سیکٹر کے لیے فعال کمیٹی، بینکاری اور ایل سی کے مسائل میں سہولت کاری اور ممبران کا عہدیداران سے براہِ راست رابطہ بھی ترجیحات کا حصہ ہوگا۔ نئی ٹیم سینئرز کی رہنمائی اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کاروباری برادری کی آسانی، کاروبار کے فروغ، معیشت کی مضبوطی اور ملتان کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔نومنتخب صدر نے سبکدوش صدر میاں بختاور تنویر شیخ اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مثبت روایات کو آگے بڑھایا جائے گا۔ سبکدوش صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دو سالہ دور میں چیمبر کو روایتی سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے کاروباری مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کی تلاش اور متعلقہ اداروں سے عملی رابطہ کاری پر توجہ دی گئی۔ انہوں نے نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اجلاس عام میں نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی ارکان سمیت میاں فیصل مختار، میاں تنویر اے شیخ، خواجہ محمد یوسف دیگر سینئر ممبران اور کاروباری برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ملتان سے مزید