کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے سری لنکا کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 8وکٹ سے جیت کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔ اب شاہین آفریدی کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگلا امتحان انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والی تین ملکی ون ڈے سیریز میں ہوگا۔ مائیک ہیسن ٹیسٹ میں ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ تین ملکی ٹورنامنٹ کے ذریعے تینوں ٹیمیں اگلے سال جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کریں گی۔ اتوار کو پہلا میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سات میچوں پر مشتمل اس سیریز کے ابتدائی تین میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 18، 20 اور 22 اکتوبر جبکہ بقیہ میچز قذافی اسٹیڈیم میں 25، 27 اور 29 اکتوبر اور فائنل 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کا 33 رکنی دستہ، جس میں ان کا 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ بھی شامل ہے، جمعہ کی صبح اسلام آباد پہنچے گا۔ پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا، بابر اعظم، حارث رؤف، محمد غازی غوری، سعد بیگ اور فہیم اشرف بدھ کی شب پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہوگئے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ صاحبزادہ فرحان میں کھیل کو سمجھنے کی اچھی صلاحیت ہے، وقت کے ساتھ ان کی کپتانی میں مزید نکھار آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نمبر ون ٹیم ہے، ٹرائی سیریز چیلنجنگ ہوگی۔ نئے بولنگ کوچ شان ٹیٹ پاکستانی فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کریں گے۔ دریں اثنا 36 سالہ فخر زمان مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز راولپنڈی اسٹیڈیم میں حاصل کیا۔