کراچی (اسٹاف رپورٹر) جیکسن انویسٹی گیشن پولیس نےفائرنگ کر کے سالی کو قتل کرنے کے کیس میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے عائشہ کو بے دردی سے قتل کرنے والا مرکزی نامزد ملزم سعد شاہ گرفتار کر لیا گیا۔واقعہ مورخہ 7 اکتوبر 2026 کو ٹیکس گلی گلشن سکندر آباد کیماڑی کے مکان میں پیش آیا تھا۔ ملزم سعد شاہ اپنے کزن یعقوب شاہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آیا اور گھر کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کر کے مسماۃ عائشہ کو موقع پر ہلاک کر دیا۔ یعقوب شاہ کا اپنی بیوی (مقتولہ کی بہن ماہ نور) سے گھریلو ناچاقی اور طلاق کا تنازع چل رہا تھا جس کی بناء پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 349/2026 زیر دفعات 302/34 ت پ مقتولہ کے شوہر عنایت اللہ کی مدعیت میں تھانہ جیکسن میں درج کیا گیا تھا۔