• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد ڈینگی اقدامات‘ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو مؤثر بنایا جائے، کمشنر ملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت انسداد ڈینگی، لاروا کی نشاندہی، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی اور اضلاع میں حفاظتی اقدامات بارے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چاروں اضلاع ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے انسداد ڈینگی اقدامات اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے خلاف کارروائیوں میں ردعمل دینے کے بجائے پیشگی اقدامات پر توجہ دی جائے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو مؤثر بنایا جائے، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور لاروا کی نشاندہی کی صورت میں فوری تدارکی اقدامات یقینی بنائے جائیں،اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے حکام نے ڈینگی کیسز، لاروا کی نشاندہی‘ ہاٹ سپاٹس، سرویلنس ٹیموں کی تعیناتی اور عوامی آگاہی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی،کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے بیڈز کی نشاندہی اور ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں، ڈینگی کے مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی فوری رپورٹنگ، مریضوں کی بروقت تشخیص اور متعلقہ علاقوں میں سرویلنس کو مزید مؤثر بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر سامنے آنیوالے کیسز کے علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے اور حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے، تمام محکمے اپنے ڈینگی فوکل پرسنز اور گورنمنٹ یوزرز کی فعالیت یقینی بنائیں، کسی افسر یا اہلکار کی ریٹائرمنٹ، تبادلے یا تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر متبادل تعینات کیا جائے ۔
ملتان سے مزید