ملتان(سٹا ف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں شہر کی اہم شاہراہوں کی بہتری، ٹریفک سگنلز کی بحالی، چوکوں کی ری انجینئرنگ، سڑکوں کی کشادگی اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کمشنرنے سی ٹی او ملتان سے بوسن روڈ کے مختلف مقامات پر کیٹ ائیز لگانے بارے تجاویز بھی طلب کیں،کمشنرنے ہدایت کی کہ ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے زیر التوا امور پر فوری فالو اپ کیا جائے اور منصوبوں پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے،اجلاس میں نواں شہر چوک، رضا آباد چوک اور چونگی نمبر ایک پر ٹریفک سگنلز کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی، بریفنگ کے مطابق نواں شہر چوک پر سگنلز کی وائرنگ، ایس پی چوک پر سگنلز کی ری ڈیزائننگ و مرمت جبکہ رضا آباد چوک اور چونگی نمبر ایک پر سگنلز کی مرمت اور تنصیب کے منصوبے زیر غور ہیں، ایس پی چوک کے منصوبے میں ٹریفک سگنلز، لین مارکنگ اور کیٹ آئیز کی تنصیب بھی شامل ہے،اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اہم شاہراہوں پر مناسب روشنی، واضح لین مارکنگ اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے، ایس پی چوک کے قریب ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے سڑک کے ایک حصے کو کھولنے کی تجویز بھی زیر غور آئی،اجلاس میں جناح روڈ کی دو رویہ تعمیر کے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ دی گئی، منصوبے کے تحت چوک کمہارانوالہ سے نگانہ چوک تک تقریباً 3.5 کلومیٹر طویل شاہراہ کو دو رویہ بنانا شامل ہے، منصوبے میں دونوں جانب 24، 24 فٹ کی کیرج وے، سڑک کی معیاری تعمیر، لین مارکنگ، کیٹ آئیز اور 120 اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہے،کمشنر نے سڑکوں کے ڈیزائن میں ٹریفک کی حقیقی ضروریات، دستیاب جگہ، پارکنگ اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، اجلاس میں تجویز دی گئی کہ جہاں مناسب ہو وہاں غیر ضروری فٹ پاتھ اور بیٹھنے کی جگہ کے بجائے سڑک کی کارپٹنگ اور پارکنگ کے لیے جگہ بہتر بنائی جائے، جبکہ تجاوزات کی روک تھام، مناسب نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے، ملتان میں گلگشت مجوزہ فوڈ اسٹریٹ اور اس سے منسلک سڑکوں کے منصوبے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، منصوبے میں سڑکوں کی تعمیر، پارکنگ ایریاز میں ٹف پیور، روشنیوں، پلانٹرز اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔