ملتان (سٹاف رپورٹر)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان نے قومی سطح کے معروف تقریری مقابلے ’’اسپیک فار حسین‘‘ کے دسویں فائنل کی میزبانی کا اعزاز اپنے نام کر لیا، مقابلے میں ملک بھر سے منتخب ہونے والے مقررین نے اردو اور انگریزی زبانوں میں اپنی خطابت، فکری پختگی اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا،مقابلے کے نتائج کے مطابق اردو کیٹیگری میں لاہور کے امیدوار نے پہلی، کراچی کے امیدوار نے دوسری جبکہ ملتان کے امیدوار نے تیسری پوزیشن حاصل کی،اسی طرح انگریزی کیٹیگری میں لاہور کے امیدوار نے پہلی، کراچی کے امیدوار نے دوسری جبکہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے طالب علم نے تیسری پوزیشن حاصل کی، مقابلے کے لیے ملک بھر میں متعدد مراحل پر مشتمل انتخابی عمل منعقد کیا گیا، جس کے بعد ڈویژنل سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے امیدواروں نے فائنل مرحلے میں شرکت کی ،تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حماد ندیم طاہر، ڈین فیکلٹی آف انوائرنمنٹل اینڈ ایگریکلچرل سائنسز و پرنسپل آفیسر امورِ طلبہ تھے، اس موقع پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے امیدواروں، کامیاب شرکاء اور منتظمین میں اعزازی شیلڈز اور یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔