ملتان‘شجاع آباد (سٹاف رپورٹر‘نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے تحصیل شجاع آباد میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، واٹر سپلائی کی بحالی اور سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کیلئے ساڑھے 7 ارب روپے کی خطیر لاگت سے میگا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے،ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل کیے جانیوالے اس منصوبے کے تحت شجاع آباد میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے،یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی،اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی ضروریات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے منصوبے کی تکنیکی جانچ اور ضروری معلومات کے حصول کیلئے کنسلٹنٹ کی معاونت سے سروے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے ترقیاتی کاموں کی ضروریات کا تعین کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی شجاع آباد کو منصوبے کی پیش رفت، متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کاری اور ضروری امور کی تکمیل کے لیے خصوصی ٹاسک بھی سونپا،ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل سے نجات دلانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔