• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں، آئیں بیٹھیں، وفاقی وزراء

کراچی،لاہور( ٹی وی رپورٹ،نیوز ایجنسی) وفاقی وزاء نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، آئیں بیٹھیں، جیو نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل نے کہا کہ مذاکرات کے دوران سب طے ہوچکا تھا لیکن سہیل آفریدی نے انکار کردیا، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی ملاقات میں جگہ سے زیادہ ایجنڈا اہم ہے، ملکی مفاد، آئینی تقاضوں کی تکمیل کیلئے وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سےملاقات کو تیار ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، اگر تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار نہیں، وزیراعظم ہائوس آنا چاہتی ہے نہ کسی معاہدے پر دستخط کرنا چاہتی ہے تو کسی کو زبردستی بات چیت پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ڈاکٹرزکی رسائی اورملاقات کامحسن نقوی نے مذاکرات کے دوران ہی واضح کردیا تھا، ملاقاتوں سمیت باقی تمام چیزیں طےہوگئی تھیں لیکن سہیل آفریدی نے انکار کردیا، آج بھی اپوزیشن کی تمام جماعتوں کوکہتے ہیں مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، آئیں بیٹھیں مل کربات چیت کے ذریعے مسائل کا حال تلاش کریں۔طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ آج بھی اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو کہتے ہیں مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، آئیں بیٹھیں مل کربات چیت کے ذریعے مسائل کا حال تلاش کریں، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی ملاقات میں جگہ سے زیادہ ایجنڈا اہم ہے، ملکی مفاد، آئینی تقاضوں کی تکمیل کیلئے وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سےملاقات کو تیار ہیں۔ وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں عسکری قیادت نے اپنی بریفنگ میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگلے کچھ ہفتوں میں دہشتگردی کا صفایا کردیا جائے گا، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے یہ مشکل نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید