کراچی(رفیق مانگٹ) سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے مسلمانوں کے خلاف مذہبی نفرت انگیز بیانیے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی نفرت سے تنگ آ چکا ،انہوں نےاپنی بیٹی چیلسی کلنٹن کا واقعہ سنایا، جس نے 15 سال کی عمر میں قرآنِ مجید مکمل پڑھ کر انہیں بھی اسے پڑھنے کی ترغیب دی تھی۔ فلوریڈا میں بین المذاہب تقریب سے خطاب میں کلنٹن نے سورۃ الحجرات کی آیت 13 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان مختلف قوموں میں ایک دوسرے کو جاننے اور سیکھنے کے لیے پیدا کیے گئے ہیں، نفرت کے لیے نہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق، بل کلنٹن نے فلوریڈا کے شہر ہالی وُڈ میں کوئنونیا ورشپ سینٹر میں ڈیموکریٹک امیدوار ڈیوڈ جولی کے ساتھ ایک بین المذاہب تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف مذہبی برادریوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔