کراچی ( اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ملکی معاشی خوشحالی پر توجہ مرکوز کرسکیں‘میں چاہتا ہوں وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کروںاور وہ پانچ سال کی مدت مکمل کریں ‘جب بھی وزیراعظم غربت کے خاتمے کے لیےمعاشی اقدامات کرنا چاہتے ہیں تو کوئی وزیر اپنا ایجنڈا سامنے لے آتا ہے‘مولافضل الرحمن اور تحریک انصاف کو انگیج کیاجائے‘ سیاسی اختلافات، ضد اور انتقام کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے،عوام کو ایک یا ہزار صوبے بننے کی کوئی فکر نہیں، عوام کی اصل فکر معاش ہے‘ پاکستان میں روایت رہی ہے کہ وزیراعظم کو کمزور کرکے اپنی کرسی کے لیے راہ ہموار کی جاتی ہے‘ملکی خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، سیاسی اختلافات اور ذاتی رنجشوں کو قومی مفاد پر حاوی نہیں ہونا چاہیے ،سیاسی جماعتیں تمام اختلافات بھلا کر معاشی بحران سے نکلنے کے لیے اتفاق کریں، آپ مولانا فضل الرحمان کو پسند کریں یا نہ کریں، وہ اپوزیشن کی بینچوں پر بیٹھے ہیں، آپ خان صاحب کو پسند کریں یا نہ کریں، ان کی جماعت موجود ہے، خان صاحب وہ ہیں جنہوں نے میرے والد کو جیل بھیجا، اگر میں انتقام پر یقین رکھتا تو کہتا کہ انہیں رگڑا دیتے رہو، لیکن یہ پیپلز پارٹی کی سوچ نہیں، ہم عوام کے اصل مسائل کی طرف میڈیا اور سیاست دانوں کی توجہ دلاتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھاکہ ایران جنگ کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے، میں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا، اب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آرہا، جنگ کے خاتمے تک عوام کو مشکلات کا سامنا رہے گا، ایسے حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنا ضروری ہیں، پوری دنیا میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، افسوس کہ پاکستان میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہوتی جارہی ہے‘انہوں نے کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ کاشت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو ریلیف دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔