اسلام آباد( رانا غلام قادر )وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کیلئے اہم پیشرفت ہے،پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں،ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں،ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں انہوں نے یہ بات ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر (Alparslan Bayraktar) اور ترک وفد کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے دوران کہی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ترک وزیر توانائی نے انکے اور وفد کا پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔ الپ ارسلان بائراکتر نے کہا کہ ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔