کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ریفرنڈم تو ہوگا اور پیپلزپارٹی بھی قائل ہوگی، صوبے بنیں نہ بنیں بعد کی بات ہے، پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم سے مسئلہ ہے، صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد کافی معاملات معمول پر آئے ہیں، پیپلز پارٹی کو اتحاد سے نہ جانے دینگے اور نہ وہ اتحاد سے الگ ہوگی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبانی سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری کے دو بیٹوں میں سے ایک صوبوں کا حامی ایک مخالف، صدر مملکت ان کو سمجھائیں،محسن نقوی پی پی اور ن لیگ دونوں کے سینیٹر ہیں۔ پروگرام ’’جرگہ‘‘ آج رات نشر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ریفرنڈم ہو کر رہے گا نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی سے اتفاق رائے کی کوشش کر رہے ہیں ۔