کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے پاس نئے صوبوں کی حمایت کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا، کراچی کے نوجوانوں کیلئے ڈیلیوری کی نوکری ہی رہ گئی ہے، شہری علاقوں کے 40 فیصد کوٹے پر عمل نہیں ہو رہا، ڈیڑھ سو ڈی ایس پیز تعینات کر کے مقامی نوجوانوں کے لئے پولیس میں ترقی کے مواقع محدود کئے جا رہے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات ہمارا اندرونی معاملہ ہیں اور ہمیں اس حوالے سے کوئی کنفیوژن نہیں،مہاجر اتحاد کے معاملے پر کہا کہ آفاق احمد کی پریس کانفرنس کی دعوت پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بات کریں گے اور اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے، ایم کیو ایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں مہاجر اتحاد کی تجویز زیر بحث آئی تو ان کا ووٹ مثبت ہوگا۔