• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین کی تشریح غلط، خالد مقبول معافی مانگیں، سندھ کے 6 میئرز

کراچی(طاہر عزیز…اسٹاف رپورٹر) سندھ کے 6بڑے شہروں کے میئرز نے ایم کیو ایم کے چیئرمین وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے شہری علاقوں میں اکثریت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کھلے عام دھمکیاں اور لوگوں کو اکسا رہے ہیں آئین کی تشریح بھی غلط کر رہے ہیں، انہوں نے خالد مقبول صدیقی سے فوری معافی کا مطالبہ کیا اورواضح کیا کہ سندھ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جمعرات کوکراچی پریس کلب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ ارسلان اسلام شیخ، میئر حیدرآباد کاشف شورو، میئر لاڑکانہ انور لوہر، میئر نوابشاہ قاضی رشید بھٹی اور میئر میرپور خاص عبدالرؤف غوری نے پریس کانفرنس کی میئرز نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت ہی ممکن ہے 140اے بلدیاتی الیکشن سے متعلق ہےریفرنڈم سے اس کا کوئی تعلق نہیں، آئین کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر خالد مقبول معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف پٹیشن کی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ہوتے ہوئے آپ کا لسانیت پھیلانے اور سندھ میں قابض ہونے کا خواب پورا نہیں ہو گا مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کو منتشر قومی مومنٹ کہتا ہوںجن لوگوں کی اپنی پارٹی میں انتشار ہے ایسے لوگ سندھ میں بسنے والوں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ خالد مقبول کی پریس کانفرنس میں کل مصطفیٰ کمال نظر نہیں آئے اب تو نائن زیرو بھی نہ رہا، اب جھگڑا بہادرآباد اور راضی روڈ کا ہے میئر کراچی نے کہا کہ ریفرنڈم بڑی خطرناک بات ہوگی صوبوں کی حدود کو تبدیل کرنے کا طریقہ کار 1973کےآئین میں طے ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نفرت کسی بھی معاشرے کے لئے سب سے زیادہ نقصان دہ چیز ہے، پیپلز پارٹی لوگوں کو جوڑنے کی بات کرتی ہے، آج سندھ کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز یہاں محبت کی بات کر رہے ہیں انہوں نے کہا جب تک ملک میں بیوروکریسی کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا ہم آگے نہیں بڑھ پائیں گے میئر سکھر ارسلان شیخ نے ایم کیو ایم سے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں نمائندگی کی بات مت کریں آپ کو جب بلدیاتی انتخابات امیدوارنہیں ملے توکراچی اور حیدرآباد میں الیکشن کا بائیکاٹ کر دیاکیا پاکستان کے عوام بھول گئے ہیں آپ نے خون کی ندیاں بہائیں بوری بند لاشوں کا کلچر دیانوجوانوں کو ٹریننگ کے لئے جنوبی افریقہ بھیجاآپ اپنے دعوے بند کریں کہیں کوئی مسئلہ نہ ہوجائے، شرم آنی چاہیے سندھ کی ثقافت کو مذاق بنایا، سندھ کی ثقافت کو افریقہ کے جنگلات سے تشبیہ دینے پر معافی مانگی جائے، الفاظ واپس لئے جائیں، سندھ کے عوام کو نہ اکسایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہی رویہ برقرار رہا تو اگلی پریس کانفرنس سندھ کے شہری حلقوں کے عوام کے ساتھ نائن زیرو پر کریں گےارسلان شیخ نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے آرٹیکل 140 اے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا، آرٹیکل 140 اے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ہے، نئے صوبوں کے قیام سے نہیں، آرٹیکل 140 اے کی غلط تشریح دانستہ طور پر کی گئی، آئین کی غلط تشریح پر آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کریں گے، خالد مقبول صدیقی کے خلاف پٹیشن داخل کرائیں گے، انہوں نے آئین کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 48(6) کہتا ہےریفرنڈم وہاں ہوتا ہے جہاں کسی معاملے پر عوام کی رائے لی جائے، نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ آئین کے آرٹیکل 239(4) میں واضح طور پر درج ہے، جب آئین میں طریقہ کار موجود ہے تو ریفرنڈم کس بات کا، جہاں کوئی طریقہ کار موجود نہ ہو یا نیا قانون بنانا ہو وہاں ریفرنڈم کی بات ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں سندھ اور کراچی کے شہری حلقوں پر لسانی بنیادوں پر قبضے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید