• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سندھ کا خالد مقبول اور قوم پرست رہنماؤں سے رابطہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی جانب سے 29 نومبر کی ریلیوں اور جلسوں کو منسوخ کرانے کے لئے خالد مقبول صدیقی اور قوم پرست رہنمائوں ڈاکٹر قادر مگسی، ریاض چانڈیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، اور امن و امان کے لئے ریلیاں منسوخ کرنے کی درخواست کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں قائم کردہ مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹی ارکان وقار مہدی، ناصر حسین شاہ اور ضیاء الحسن لنجار نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور صوبوں کے حوالے سے جلسے جلوسوں کے پروگرام رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے رابطہ کر کے ان سے اپیل کی جائے گی کہ جلسے جلوس منعقد نہ کیے جائیں۔اس سلسلے میں نثار احمد کھوڑو نے خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر قادر مگسی، ریاض چانڈیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے تفصیلی گفتگو کی۔گفتگو کے دوران نثار احمد کھوڑو نے تمام سیاسی رہنماؤں سے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں امن و امان برقرار رہے اور کسی بھی قسم کی بدمزگی اور شرانگیزی کو روکا جائے، ایسے ماحول میں کوئی بھی شرپسند یا ملک دشمن قوت صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔تمام سیاسی رہنماؤں نے نثار احمد کھوڑو سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں غور کریں گے اور ان سے ملاقات بھی کریں گے۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کمیٹی کے ارکان تمام سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور انہیں باضابطہ طور پر اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ جلسے جلوس منعقد نہ کیے جائیں، تاکہ ماحول کو پرامن رکھا جا سکے اور سندھ میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید