اسلام آباد ( رانا غلام قادر) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت روس کے ساتھ بین الحکومتی کمیشن سے متعلق اجلاس ہوا۔حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور روس نے پیمنٹ سیٹلمنٹ پراعلیٰ سطحی مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں روس کے ساتھ بین الحکومتی کمیشن اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا،ذرائع کا کہنا کے کہ حکومت روس کے ساتھ توانائی، معاشی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات کررہا ہے،دونوں ممالک کے مذاکرات 23 اور 24 نومبر کو ماسکو میں شیڈول ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مذاکرات کا مقصد بینکنگ اور مالی رکاوٹیں دور کرنا ہے،رکاوٹیں دور ہوئیں تو دو طرفہ تجارت 3 سے 4ارب ڈالر تک جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے بعد مغربی پابندیوں سے پیمنٹ کا مسئلہ سنگین ہوا،فروری 2022کے بعد روسی بینکوں پر پابندیوں سے ادائیگیاں متاثر ہوئیں،پابندیوں کے باعث روایتی بینکنگ چینلز سے لین دین مشکل ہو گیا۔